ہردوئی: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پر ملک کی معیشت کو کھوکھلا کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ 2022 تک کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا وعدہ کرنے والی بی جے پی حکومت کی مدت کار میں مہنگائی اپنے عروج پر ہے۔جمعہ کو یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے یادو نے کہا کہ لوگ مرکزی بجٹ کو لے کر مایوس ہیں۔ بجٹ میں نہ تو بے تحاشہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے کوئی بات کہی گئی ہے اور نہ ہی بے روزگاری کم کرنے کے لیے کوئی فیصلہ کیا گیا۔ مہنگائی اپنے عروج پر ہے۔ آٹا، تیل وغیرہ کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔ بی جے پی نے ملک کی معیشت کو کھوکھلا کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سماج وادی حکومت کے دوران سنڈیلا میں فیکٹریاں لگائی گئیں، اس کے آگے ایک بھی کارخانہ ہردوئی ضلع میں نہیں لگا ہے۔ بی جے پی پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کا الزام لگاتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ 'ہمارا ہندوستان تب ہی اچھا لگتا ہے جب یہ ایک گلدستے کی طرح ہو جس میں ہر رنگ شامل ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ امیروں کی آمدنی میں روزانہ کروڑوں کا منافع بڑھ رہا ہے جبکہ کروڑوں لوگ غربت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔