ماہ رمضان کی شروعات ہوچکی ہے آج پہلا روزہ ہے۔ رمضان میں سبھی مساجد میں نماز تراویح ادا ہوتی ہے لیکن یہ رمضان ہر معاملے میں سابقہ سالوں کے رمضان سے بالکل مختلف ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن و لکھنؤ عید گاہ کے امام مولانا خالد رشید فرنگی نے کہا کہ ہر سال حفاظ کرام تراویح سناتے تھے اور لوگ اچھی رقم بطور نذرانہ دیتے تھے۔ اس طرح سے ان کی مالی امداد ہو جاتی تھی۔ لاک ڈاؤن کے چلتے اس رمضان ایسا نہیں ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری مساجد کمیٹی اور عوام سے گزارش ہے کہ امسال بھی حفاظ کرام کو بطور نذرانہ اور ہدیہ پیش کریں تاکہ انہیں کسی طرح کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان کے اہلخانہ کے اخراجات بہتر طریقے سے چلتے رہیں، یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔