بنارس ہندو یونیورسٹی میں شعبہ اردو کی جانب سے شائع ہونے والا اردو زبان کا مقبول ششماہی میگزین 'دستک' اپنے قارئین کے لیے منظر عام پر آچکی ہے۔
اس بار شمارے میں خصوصی گوشہ نہیں ہے بلکہ اردو ادب پر تنقیدی و تحقیقی مضامین کے ساتھ ساتھ یاد رفتگاں و شعبہ اردو کی سرگرمیاں شامل ہیں۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے ریسرچ جرنل دستک کے مدیر و شعبہء اردو کے صدر پروفیسر آفتاب احمد افاقی نے کہا کہ موجودہ شمارے میں معروف سنت کبیر داس پر خصوصی گوشہ شائع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جن پر اب تک اردو زبان میں کوئی اہم کام نہیں ہوا، لیکن کبیر داس پر تحقیقی مضامین اتنی بڑی تعداد میں لکھے گئے ہیں جن کو خصوصی گوشہ میں شائع کرنا ممکن نہیں تھا اس لیے اب جنوری تا جون والے شمارے کو کبیر داس پر ہی شائع کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ زیر نظر شمارہ میں منفرد تحقیقی مضامین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گذشتہ چھ ماہ میں اردو زبان و ادب کی جو نامور شخصیات دنیا سے کوچ کر گئیں، ان کی حیات و خدمات پر مبنی مضامین شامل ہیں۔