علی گڑھ: بی بی سی کی وزیراعظم نریندر مودی پر بنائی گئی دستاویزی فلم کو لے کر تنازع ختم نہیں ہو رہا ہے۔ اب یہ تنازع علی گڑھ مسلم یونیورسٹی تک پہنچ چکا ہے۔ دراصل اے ایم یو کیمپس میں بی بی سی کی ڈوکیومنٹری کے پوسٹرز بار کوڈ کے ساتھ یونیورسٹی مرکزی کنٹین سمیت مختلف مقامات پر لگائے گئے تھے، جو اب سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہے ہیں۔ کیمپس میں لگے پوسٹرز کی اطلاع ملتے ہی یونیورسٹی انتظامیہ نے کینٹین سمیت مختلف مقامات سے پوسٹرز کو ہٹا دیے ہیں۔
یونیورسٹی کیمپس میں بی بی سی ڈوکیومنٹری سے متعلق لگے پوسٹرز سے متعلق یونیورسٹی پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی نے کہا کہ اطلاع ملتے ہی یونیورسٹی کیمپس میں بی بی سی ڈوکیومنٹری سے متعلق پوسٹرز کو ہٹوا دیئے ہیں لیکن فی الحال یہ نہیں معلوم ہوسکا ہے کہ یہ پوسٹرز کس نے لگائے۔ چند سماج دشمن عناصر ہیں جنہوں نے موقع کا فائدہ اٹھاکر کیمپس میں پوسٹرز لگا دیے تھے جن کو ہٹوا دیا گیا ہے۔ ڈوکیومنٹری کی اسکریننگ کو لے کر یونیورسٹی کیمپس میں کوئی ذکر نہیں ہے، طلباء اپنے امتحانات کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔