ریاست اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی میں اتوار کو اترپردیش جمعیت الرائین کا سالانہ اجلاس اور مشاورتی میٹنگ مکمل ہوئی۔ میٹنگ میں تمام ریاستوں سے جمعیت الرائین کے نمائندوں اور عہدے داران نے شرکت کی۔ میٹنگ میں ضلع سطح پر تنظیم کو پختہ کرنے، زکوۃ کے مناسب استعمال، جہیز کی نمائش نہ کرنے اور سیاست میں برادری کی حصہ داری کو بڑھانے سمیت 29 تجاویز پاس کی گئیں۔
بارہ بنکی کے سفیدا باد میں واقع کولڈ اسٹوریج کے دفتر میں ہوئی اس میٹنگ کی صدارت تنظیم کے قومی صدر صدیق پہلوان نے کی۔ میٹنگ میں سب سے پہلے تمام تجاویز کو پڑھ کر سنایا گیا. اس کے بعد وہاں موجود تمام ذمہ داران نے عام رائے سے ان تمام تجاویز کو پاس کیا۔