کانگریس پارٹی نے ایک طویل زمانہ تک یوپی میں حکومت کی ہے۔ تاہم کچھ سالوں سے یوپی میں کانگریس کے لیے زمین تنگ ہوگئی ہے اور اسے اسمبلی کے ساتھ ساتھ لوک سبھا انتخابات میں پے در پے شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اب لگتا ہے کہ کانگریس کو یہ احساس ہوچکا ہے کہ پارٹی میں بغیر جان ڈالے اقتدار حاصل نہیں کیا جاسکتا، جس کے لیے کانگریس نے ہاتھ پاؤں مارنا شروع کردیے ہیں۔ خبر ہے کہ کانگریس یوپی میں کیلنڈروں کی تقسیم کر رہی ہے۔
بارہ بنکی: کیلنڈر کے ذریعہ گھر گھر تک پہونچ بنانے میں لگی کانگریس اسی کی ایک کڑی کے طور پر ریاست اتر پردیش کے بارہ بنکی میں تیس ہزار کیلنڈر آئے ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے سے کانگریس کارکنان انہیں تقسیم کر رہے ہیں۔ شہر کانگریس کو 3 ہزار کیلنڈر تقسیم کرنے کا ٹارگیٹ دیا گیا ہے۔ شہر میں اب تک 2500 کیلنڈر تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ بقایہ کیلنڈر جلد ہی تقسیم کر لئے جائیں گے۔
بارہ بنکی: کیلنڈر کے ذریعہ گھر گھر تک پہونچ بنانے میں لگی کانگریس کانگریس پارٹی کا یہ کیلنڈر 12 صفات پر مشتمل ہے۔ تمام صفات پر کانگریس کی جنرل سکریٹری اور ریاستی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا کی تصویریں ہیں۔ زیادہ تر تصویروں میں وہ دیہی علاقوں کی خواتین کے ساتھ نظر آ رہی ہیں۔ کانگریس پارٹی نے پرینکا کو میدان میں اتارکر پارٹی میں روح پھونکنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔
کچھ صفات پر ریاست میں پرینکا گاندھی واڈرا کی جدوجہد والی تصویریں ہیں۔ اس کیلنڈر کے ذریعہ کانگریس نے مسلمانوں کو چھوڑکر تمام طبقات کے ساتھ توازن بنانے کی کوشش بھی کی ہے۔ کیلنڈر کے ایک صفحہ پر پرینکا گاندھی بھگوان وشنو کی پوجا کرتی نظر آرہی ہیں، تو دوسری طرف وہ گردوارہ میں سکھوں کے ساتھ ہیں۔ لیکن کیلنڈر میں مسلمانوں کو جگہ نہیں مل سکی ہے۔