لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے اتوار کو سینئر عہدیداروں اور ریاست کے تمام ضلعی سربراہوں کے ساتھ میراتھن میٹنگ کی۔ اس دوران مایاوتی نے بلدیاتی انتخابات کے تعلق سے عہدیداروں کو گرو منتر دیا۔ اس کے علاوہ سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد کی بیوی شائستہ پروین کے پریاگ راج سے میئر کے عہدے کے ٹکٹ پر مایاوتی نے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس میں وقت لگے گا۔
واضح رہے کہ شائستہ جنوری 2023 میں ہی بی ایس پی میں شامل ہوئی ہیں۔ اس کے بعد شائستہ کو پریاگ راج کے میئر امیدوار کے طور پر پیش کیا گیا۔ لیکن اس کے بعد راجو پال قتل کیس کے گواہ امیش پال کا پریاگ راج میں قتل کر دیا گیا۔ اس معاملے میں شائستہ پر انعام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ ایسے میں مانا جا رہا تھا کہ اتوار کی میٹنگ میں مایاوتی شائستہ کے ٹکٹ پر کوئی حتمی فیصلہ لے سکتی ہیں۔ لیکن ایسا نہیں ہوا۔
میٹنگ میں مایاوتی نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ شہری انتخابات پر پوری توجہ مرکوز کریں۔ بلدیاتی انتخابات ہمارے لیے بہت اہم ہیں۔ عوام کے درمیان جاکر بی ایس پی کی پالیسیوں اور منصوبوں کے بارے میں عوام کو آگاہ کریں، تاکہ بلدیاتی انتخابات میں عوام بی ایس پی کے ساتھ مضبوطی سے جڑے رہیں اور امیدوار جیت سکیں۔ تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہنے والی بی ایس پی سپریمو کی میٹنگ میں ضلعی سربراہوں نے بلدیاتی انتخابات کے لیے اب تک کی گئی تیاریوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔