لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج پر شکوک وشبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک پارٹی کے حق میں آئے انتخابی نتائج عوام کے گلے کے نیچے نہیں اتر رہے ہیں۔ یہ ایک پراسرار معاملہ ہے جس پر سنجیدگی سے سوچنے کی ضرورت ہے۔ پیر کو سلسلہ وار ٹویٹس (ایکس) میں مایاوتی نے پارٹی کیڈرز سے مایوس نہ ہونے کی اپیل کرتے ہوئے لوک سبھا انتخابات کے لیے بھرپور طریقے سے تیاری کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ ’’ملک کی چار ریاستوں میں حالیہ اسمبلی عام انتخابات کے نتائج ایک پارٹی کے حق میں یک طرفہ ہونے سے تمام لوگوں میں شکوک و شبہات، حیرانی اور تشویش کا ہونا فطری بات ہے، کیونکہ انتخابات کے پورے ماحول کو دیکھتے ہوئے ایسا عجیب و غریب نتیجہ عوام کے حلق سے نیچے اترپانا مشکل ہے۔ بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ "پورے الیکشن کے دوران ماحول بالکل مختلف اور کانٹے کی ٹکر جیسا دلچسپ تھا، لیکن انتخابی نتیجہ اس سے بالکل مختلف ہونا اور مکمل طور پر یک طرفہ ہونا، ایک ایسا پراسرار معاملہ ہے جس پر سنجیدگی سے سوچنے اور اس کے حل کی ضرورت ہے۔ عوام کی نبض کو سمجھنے میں ایک خوفناک غلطی انتخابی بحث کا نیا موضوع ہے۔