بدایوں: تنخواہ کو لیکر بلدیہ کارکنان کا احتجاج - بدایوں میں بلدیہ کارکنوں کے احتجاج کے پانچویں دن
ضلع بدایوں میں بلدیہ کارکنوں کے احتجاج کے پانچویں دن ضلعی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ انہیں ایک ہفتے کے اندر تنخواہیں دے دی جائیں گی۔
ریاست اترپردیش کے ضلع بدایوں میں مسلسل پانچ دنوں تک احتجاج کرنے کے بعد بھی جب بلدیہ کارکنوں کے مطالبے کو سننے کو کوئی تیار نہیں ہوا تو وہ اپنے خاندان کو لے کر نگر پالیکا پریشد بدایوں پہنچ گئے۔
دراصل بدایوں کے بلدیہ کارکنوں کا معاملہ ان کی تنخواہ سے متعلق ہے۔ بلدیہ کے ان کارکنوں کو تنخواہ نہیں ملنے اور ان کے بقیہ تنخواہ کو نہیں دئیے جانے کی وجہ سے ان کارکنوں نے احتجاج کیا۔ یہ احتجاج اترپردیش صفائی مزدور سنگ کے بینر تلے چل رہا تھا۔ان کارکنوں کے احتجاج کو ختم کروانے کے لئے ضلع کے تمام انتظامیہ بھی پہنچے لیکن یہ کارکنان اپنے مطالبات کو لے کر قائم رہے۔
بلدیہ کارکنان کے احتجاج کو ختم کروانے کے لیے ضلع انتظامیہ کے اہم افسران کے بعد چیئرمین دیپ مالا گوئل کو بھی آنا پڑا۔ افسران نے آنے کے بعد نگر پالیکا کارکنوں سے ان کے احتجاج کے بارے میں بات کی اور اس احتجاج کو ختم کرنے کی اپیل کی۔
ضلع کے اعلی افسران اور صفائی کرمچاری سنگ کے عہدے داروں کے مابین بات چیت ہونے کے بعد یہ طے پایا گیا کہ ان کارکنان کے بقیہ کو مارچ 2021 تک ادا کر دیا جائے گا اور ساتھ ہی رواں تنخواہوں کو ایک ہفتے کے اندر دے دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اترپردیش میں آئے دن بلدیہ کارکنوں کے تنخواہوں اور اعلی افسران کے رویے کو لے کر احتجاج ہوتے رہتے ہیں اور ان کارکنوں کو فوری طور پر تھوڑی سی راحت تو مل جاتی ہے لیکن اس مسئلے کا مکمل طور پر حل ابھی نکالنا باقی ہے۔