اترپردیش کے ضلع رامپور میں آج لوک سبھا ضمنی انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے گئے، اس دوران اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے بعد سماجوادی پارٹی کے سینئر رہنماء اور رامپور شہر سے رکن اسمبلی اعظم خاں نے پولیس اور انتظامیہ کے رویہ پر اپنا سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ Azam Khan's reaction to Rampur by-election
اعظم خاں نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے آج پولیس نے ووٹرز کو روکا ہے ایسے میں کون پولنگ بوتھ پر جاکر ووٹ کرنے کا ہمت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ووٹرز کو کئی جگہ جگہ پر روکا گیا اور بری طرح سے مارا پیٹا گیا ہے، ایسے میں کون ووٹ کرنے بوتھ پر آئے گا۔
اعظم خاں نے پولیس پر جانبداری کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ 'پولیس نے خصوصی طور پر ٹوپی والوں کو حق رائے دہی کا استعمال کرنے سے روکا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں اعظم خاں نے یہ بھی کہا کہ 'ہم کیسے شکایت کر سکتے ہیں؟ میں اور میرے اہل خانہ پر بکری چوری، بھینس چوری، فرنیچر، کتاب چوری جیسے مقدمات درج ہیں۔ ہم کیسے شکایت کر سکتے ہیں۔