رامپور:ریاست اترپردیش کے رامپو میں انتخابی مہم کے دوران سماجوادی پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن اسمبلی اعظم خاں نے اپنے دفتر دارالعوام پر کارکنان سے خطاب کیا۔ انہوں نے سماجوادی امیدوار عاصم راجہ کو جیت دلانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر اعظم خاں نے بی جے پی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک دن کے لیے ودھان سبھا پہنچا تھا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزرا اور اراکین اسمبلی سر نہیں اٹھا پا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم تھا کہ مجھ سے آنکھ نہیں ملا سکیں گے۔ ہم پر صرف ایک ہی ظلم باقی رہ گیا تھا بچی ہوئی جان بھی نکال لی جاتی۔
اعظم خاں یوپی اسمبلی انتخابات 2022 کے نتائج پر بھی سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک حیرت میں ہے کہ اترپردیش میں سماجوادی پارٹی کی حکومت کیوں نہیں بنی؟ ہم حساب لگاتے ہیں تو ہمارا حساب فیل۔ جیتنے والوں کو اپنی جیت پر بھروسہ نہیں۔ شکست ہونے والوں کو اپنی شکست پر یقین نہیں ہے۔