رامپور: سماجوادی پارٹی رہنما اعظم خاں نے رامپور کے قلعہ میدان میں عوامی ریلی سے اپنے اسی پرانے منفرد انداز میں ملک کے موجودہ حالات پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں دشمنوں کی چال اور فریب کے جال میں مت پھنس جانا۔ تمارادشمن بڑا چالاک ہے، وہ اسی انتظار میں بیٹھا ہے تم مشتعل ہو جاؤ اور وہ اس کا فائدہ اٹھالے۔ اعظم خان نے اہانت رسول کے خلاف ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں اور مسلمانوں کے جانی و مالی نقصان کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا کیا مقام اور مرتبہ ہے، ان گستاخوں کو معلوم نہیںہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے نبی کی شان وہ ہے کہ شاید ان کے لیے یہ شان لفظ بھی چھوٹا پڑ جائے گا۔
اعظم خان قرآنی آیات اور اسلامی تاریخ کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے جس کو اپنے قرآن مجید میں رحمت اللعالمین کہا ہے، جس کو اپنا محبوب کہا ہے اس کا مرتبہ کیا ہو سکتا ہے؟ لیکن اس کے باوجود جب آپ طائف کے واقعہ کا مطالعہ کریں گے تو حیرت کی انتہا نہ رہے گی کہ ایک طرف دشمنان دین رسول اللہ پر پتھروں کی بوچھار کر رہے تھے اور نعلین مبارک خون سے تر تھے تو آواز آئی ہواؤں سے کہ اے محمدؐ اگر آپ کہو تو ہم ان پہاڑوں کو آپس میں ملا دیں؟ لیکن آپؐ نے ایسا کرنے سے منع کر دیا۔ کیا آپؐ نے دشمنان دین کو بددعا دی؟ کیا انتقام لیا؟ نہیں بلکہ اللہ کی عبادت میں مشغول ہوکر اللہ سے دعا کی کہ اے اللہ انہیں معاف کر دے۔ یہ نادان ہیں، یہ معصوم ہیں، یہ نہیں جانتے۔