اردو

urdu

ETV Bharat / state

ایودھیا کی مسجد تاج محل سے بہتر ہوگی، انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن کا دعویٰ

ایودھیا میں رام مندر کے افتتاح کی تاریخ قریب آنے کے ساتھ ہی دھنی پور مسجد کا معاملہ ایک بار پھر سرخیوں میں ہے۔ اس مجوزہ مسجد کے لیے بنے ٹرسٹ انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ مسجد 'تاج محل سے بہتر' اور 'بھارت کی سب سے بڑی مسجد' ہوگی۔ اس سے پہلے بھی اسی نوعیت کی خبروں کو ہوا دیا جا چکا ہے کہ اس مسجد کا افتتاح امام کعبہ کریں گے حالانکہ زمینی سطح پر اس کی تعمیر کا کوئی اَتا پَتا نہیں ہے۔

Etv Bharat
Etv Bharat

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jan 14, 2024, 1:43 PM IST

Updated : Jan 14, 2024, 3:21 PM IST

ایودھیا: اترپردیش کے ایودھیا میں بابری مسجد کے مقام پر تعمیر کیے گئے رام مندر کا 22 جنوری کو وزیر اعظم نریندر مودی افتتاح کریں گے۔ جیسے جیسے رام مندر کے افتتاح کی تاریخ قریب آ رہی ہے، مسجد کے بدلے میں عدالتی فیصلے میں تجویز کی گئی مسجد سے متعلق بڑے بڑے دعوؤں کا سلسلہ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ 2019 میں آئے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد آج ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے لیکن مندر سے 25 کلومیٹر دور دھنی پور میں مجوزہ مسجد کا اب تک کوئی اتاپتا نہیں ہے۔ چار برس سے زیادہ عرصہ گزر جانے کے بعد بھلے ہی اس مسجد کی تعمیر کے سلسلے میں کوئی ٹھوس پہل نہ ہوئی ہو لیکن اس کے لیے بنا نگراں ٹرسٹ انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن بڑے بڑے دعوے کرنے میں بالکل بھی پیچھے نہیں ہے۔

انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ رام مندر کی تعمیر سے تحریک لے کر مسجد کی تعمیر کے لیے نئے جوش و ولولے کے ساتھ دوبارہ کوشش شروع کریں گے۔ مسجد کی ترقیاتی کمیٹی کے سربراہ اور مہاراشٹر میں بی جے پی کے رہنما حاجی عرفات شیخ نے دھنی پور میں مجوزہ مسجد کا نام 'محمد بن عبد اللہ' بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ مسجد 'تاج محل سے بھی بہتر' ہوگی اور اس میں 21 فٹ کا دنیا کا 'سب سے بڑا قرآن' رکھا جائے گا۔ واضح رہے کہ انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن نے گذشتہ مہینے اس مجوزہ مسجد کا نیا نقشہ جاری کیا تھا جس میں پانچ منارے دکھائے گئے ہیں۔ کمیٹی کے سربراہ حاجی عرفات شیخ نے اس سے پہلے گذشتہ ماہ دسمبر میں بھی اسی نوعیت کا بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس مسجد کا افتتاح امام کعبہ کریں گے۔

  • مسلم راشٹریہ منچ کا متنازع سروے

اسی بیچ آر ایس ایس کی شاخ 'مسلم راشٹریہ منچ' (ایم آر ایم) نے ایک مبینہ سروے کی بنیاد پر دعویٰ کیا کہ ''ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر سے 74 فیصد مسلمان خوش ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ نریندر مودی ہندوستان کے سب سے کامیاب وزیر اعظم ہیں۔''

مزید پڑھیں: Haji Arafat Shaikh Reaction محمد بن عبدااللہ دھنی پور کی تعمیر کے لیے ممبئی سے دی گئی اینٹ

مسلم راشٹریہ منچ نے 'آیوروید فاؤنڈیشن چیریٹیبل ٹرسٹ' کے ایک مبینہ سروے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس 'سروے' کے دوران مسلمانوں نے کھل کر 'جے شری رام' کا نعرہ بھی لگایا۔ ای ٹی وی بھارت ایسے کسی سروے کی تصدیق نہیں کرتا۔ واضح رہے کہ مسلم راشٹریہ منچ آر ایس ایس کی ایک تنظیم ہے جس کے سربراہ اجمیر بم دھماکہ معاملے کے کلیدی ملزم اندریش کمار ہیں۔

Last Updated : Jan 14, 2024, 3:21 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details