موجودہ صورت حال کے پیش نظر روزہ داروں کو کافی احتیاط کی ضرورت ہے۔ کھانے پینے اور باہر آتے جاتے وقت کس طرح مکمل احتیاط برتا جائے۔ اس پر ای ٹی وی بھارت نے ریاست اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی کے معروف حکیم اے ایچ عثمانی سے خاص بات چیت کی۔
حکیم اے ایچ عثمانی کا کہنا ہے کہ وباء کے اس دور میں روزہ داروں کو کافی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماسک اور سینیٹائیزر کے استعمال پر ہر کوئی زور دے رہا ہے۔ اس کا استعمال لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان عبادتوں کا مہینہ ہے، اس لیے سبھی کو اپنے زیادہ تر اوقات عبادت میں لگانا چاہیے تاہم حالات کے پیش نظر انفرادی عبادات کو ہی راہ دینا چاہئے۔
ساتھ ہی عالمی وبا کورونا کے خاتمہ کے لیے بھر پور دعائیں کرنی چاہئے۔
روزہ داروں کو حکیم اے ایچ عثمانی نے مشورہ دیا کہ وہ افطار کے وقت ٹھنڈی اور برف کی چیزوں کے استعمال سے بچیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جو موسم اور جو وباء ہے اس سے حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ ہم یا تو سادہ تازہ پانی یا مٹکے، صراحی وغیرہ کا پانی ہی پینے کا اہتمام کریں۔