اترپردیش کے ضلع ایٹہ میں پیر کے روز جلیسر علاقے سے بی جے پی کے ممبر اسمبلی سنجیو دیواکر کی رہائش گاہ پر درجنوں خواتین و مردوں نے مبینہ طور پر حملہ کر دیا، جس میں رکن اسمبلی اور اس کا کنبہ بال بال بچ گیا، اس معاملے میں پولیس نے 50 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
اس تعلق سے رکن اسمبلی نے بتایا کہ گاؤں سمس پور کے مجرا ناگلہ بیل ٹکری کے رہائشی گیان سنگھ، جن کی اہلیہ رجنی دیوی نے پردھان کے لئے الیکشن میں حصہ لیا تھا لیکن وہ انتخاب ہار گئیں۔ اس کے بعد گیان سنگھ کے لوگوں نے مجھ پر دوبارہ گنتی کرانے کا دباؤ ڈالا، جب میں نے انہیں سمجھایا کہ نتیجہ کا اعلان کل ہی ہوچکا ہے، آج دوبارہ گنتی نہیں کرائی جاسکتی ہے، اس کے بعد وہ ناراض ہوگئے اور سہ پہر کے وقت میرے گھر اور دفتر پر حملہ کردیا جس میں میرا کنبہ بال بال بچ گیا۔