رامپور کے کاشی پور آنگا گاؤں کا رہنے والے محمد سالم Mohammad Saalim اپنے علاقے کے نوجوانوں کے لئے مثال بنتے جا رہے ہیں۔ جی ہاں، محمد سالم ویسے تو پیشہ سے موٹر مکینک ہیں لیکن اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے وہ جس طرح جدوجہد کر رہے ہیں، یہ بات ان کے گاؤں کے نوجوانوں کے لئے مثال بن رہی ہے۔
دراصل 90 فیصد مسلم آبادی پر مشتمل اس گاؤں میں عموماً تعلیم کا ماحول نہیں ہے۔ یہاں کے اکثر نوجوان کھیتی باڑی، کاریگری اور مختلف قسم کی محنت و مزدوری کے کام کرتے ہیں لیکن محمد سالم ان نوجوانوں کے درمیان کچھ مختلف ہیں۔ وہ جتنا وقت موٹر مکینک کے طور پر اپنے کام پر صرف کرتے ہیں اس سے کہیں زیادہ وہ اپنی تعلیم حاصل کرنے میں بھی مصروف رہتے ہیں۔
محمد سالم رامپور کے گورنمنٹ رضا پی جی کالج میں بی اے فائنل ایئر کے طالب علم ہیں۔ ان کا خواب ہے کہ وہ سول سروسز کی تعلیم حاصل کرکے ایک اچھے افسر بنیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ مطالعہ میں ہی مصروف رہتے ہیں۔