ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) کے سکریٹری ایڈوکیٹ نجم الثاقب خان نے میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں ان دونوں افراد کی گرفتاری پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے سراسر ناانصافی قرار دیا ہے اور اس کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جس طرح سے گرفتاری کی گئی ہے اور ان دونوں پر شدید الزام لگائے جارہے ہیں اور میڈیا کا ایک حصہ اس کو جس طرح پھیلا رہا ہے، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اس کے ذریعہ ڈر اور خوف کا ماحول پیدا کرکے عوامی جذبات کو ابھارنے اور نفرت کا ماحول پیدا کرکے اس کے ذریعہ سیاسی فائدے اٹھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں تقریبا آٹھ ماہ بعد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر عوام کے اصل مسائل سے توجہ ہٹا کر جذباتی ماحول پیدا کرنے کی اس طرح کی کوششیں بہت افسوسناک ہیں۔ ایک جمہوری ملک میں کوئی زبردستی کسی کا مذہب کیسے تبدیل کرا سکتا ہے؟ اسلام تو اس کی بالکل اجازت نہیں دیتا۔ ملک کے ہر شہری کو اپنی پسند کا مذہب اختیار کرنے، اس پر عمل کرنے اور اس کی تبلیغ کرنے کا دستوری حق حاصل ہے۔ اس کا یہ حق اس سے کوئی نہیں چھین سکتا۔