ریاست اترپردیش کے ضلع بریلی میں جہاں ایک طرف تمام ترقیاتی کام مکمل ہونے کی راہ میں گامزن ہونے کے باوجود نامکمل رہ گئے تھے۔وہیں اب لال پھاٹک ریلوے کراسنگ پر نامکمل اوور برج کے تعمیری کام کو مکمل کرنے کے لیے وزارت دفاع نے این او سی جاری کردی ہے۔
بریلی: لال پھاٹک اوور برج کی تعمیر کے لیے این او سی جاری - لال پھاٹک اوور برج
بریلی میں لال پھاٹک ریلوے کراسنگ پر گذشتہ کئی مہینے سے نامکمل اوور برج کا فوج کی زمین پر باقی تعمیری کام مکمل کرنے کا راستہ آخرکار صاف ہوگیا ہے۔ وزارت دفاع نے فوج کی زمین پر اوور برج کی تعمیر کے لیے این او سی جاری کر دی ہے۔ اب جلدی ہی یہاں کام شروع ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
وزارت دفاع کی این او سی نہ ملنے کی وجہ سے کینٹ کی طرف جانے والے راستے پر اوور برج کا تعمیری کام قریب ایک سال سے ادھورا تھا۔ کئی برسوں کی جدوجہد کے بعد اب فوج کی زمین پر لال پھاٹک اوور برج کا باقی تعمیری کام مکمل کرنے کے لیے وزارت دفاع نے منظوری دے دی ہے اور اس کے لیے باقاعدہ ایک این او سی جاری کی ہے۔
ڈویژنل کمیشنر کے مطابق کینٹ کی طرف جانے والے راستے پر موجود نامکمل اوور برج کا تعمیری کام بہت جلد شروع کیا جائے گا. اس کے علاوہ بدایوں کی طرف جانے والے راستے پر اوور برج کا تعمیری کام برج کارپوریشن پہلے ہی مکمل کر چکا ہے۔ جبکہ حال ہی میں محکمہ ریلوے نے بھی اپنے حصّے کا کام شروع کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ بریلی اور بدایوں روڈ پر دو ریلوے کراسنگ ہونے کی وجہ سے جام لگنے کی شدید پریشانی کے پیش نظر سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے سنہ 2014ء میں محکمہ ریلوے کی رضامندی کے بعد یہاں اوور برج تعمیر کرنے کو منظوری دی تھی۔ غورطلب ہے کہ ریلوے کراسنگ پر اوور برج تعمیر ہونے کی صورت میں ریلوے کو اپنی زمینی حد میں تعمیری کام خود کرنا ہوتا ہے، جبکہ باقی کام ریاستی حکومت کا برج کارپوریشن محکمہ پورا کرتا ہے۔
یہاں دو بڑے مسئلے سامنے تھے، جنہیں حل کرنا ضروری تھا۔ دونوں مسائل کا حل مرکزی حکومت کے دو محکموں کے پاس تھا۔ پہلا مسئلہ یہ کہ ریلوے محکمہ کو اس اوور برج کے باقی حصے کی تعمیری کام کو مکمل کرنا تھا اور دوسرا 6500 مربع میٹر پر پھیلے اس اوو برج کا باقی تعمیری کام فوج کی زمین پر ہونا تھا، کیونکہ جہاں اوور برج کو بنایا جا رہا ہے، وہ فوج کی زمین پر ہے۔ بغیر فوج کی زمین کی ای او سی حاصل کیے تعمیری کام کو شروع کرنا ناممکن تھا۔ سیاسی رہنماؤں کی پیروی کے بعد اب وزارت دفاع نے فوج کی زمین پر تعمیر کرنے کے لیے این او سی جاری کر دی ہے. اب اس اوور برج کے تعمیری کام کو مکمل کرنے کا و راستہ صاف ہو گیا ہے۔