آل انڈیا تنظیم علماء اسلام بریلی کے جنرل سکریٹری مولانا شہاب الدین رضوی نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھر، دکان، کھیت، کھلہان اور عوامی مقامات پر آذان کا ورد کرتے رہیں۔ اس کے لیے ایک وقت طے کر لیں۔
کورونا کے خاتمے کے لیے آذان کا ورد کریں: مولانا شہاب الدین
مولانا شہاب الدین نے کہا ہے کہ جب پورا معاشرہ کسی مہلک بیماری سے جدو جہد کر رہا ہو، لوگ کثیر تعداد میں مہلک مرض میں مبتلا ہوں اور ہر طرف چیخ و پکار کا عالم ہو۔ ایسے حالات میں شریعت اسلامیہ نے ہمیں آذان کی اہمیت بتائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شریعت میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ جب کسی جگہ کوئی وبا، مہلک بیماری پر قابو پانا مشکل ہو رہا ہو اور بچاؤ کا کوئی راستہ نظر نہیں آ رہا ہو تو ایک طے وقت پر اپنے گھروں، دکانوں، مساجد، مدارس، کھیت، کھلہان اور عوامی مقامات پر آذان کا ورد کرنا چاہیے۔
آذان کی برکت اور رحمت سے مہلک بیماری بے اثر ہو جاتی ہے۔ لہذا جب کوئی راستہ نظر نہیں آ رہا ہے تو پھر شریعت کے بتائے ہوئے راستہ پر عمل کرنا چاہیے۔
مولانا شہاب الدین رضوی نے لوگوں کے انتقال پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ لوگ چاہ کر بھی اپنوں، دوستوں کی مدد نہیں کر پا رہے ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگ زندگی اور موت سے جدو جہد کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی سخت ضرورت ہے۔ علاج اور دوا کے ساتھ ساتھ توبہ کرنے کا وقت ہے۔
مولانا شہاب الدین نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ ہر روز رات میں عشاء کی نماز اور تراویح ادا کرنے کے بعد دس بجے مکان، دکان، مدارس اور مساجد سے با آوازِ بلند کورونا وائرس کے خاتمہ کے لیے آذان کا ورد کریں اور اللہ سے معافی کے ساتھ کورونا کے خاتمہ کی دعا کریں۔