لکھنئو:دارالحکومت لکھنئو کے لولو مال میں بغیر اجازت نماز پڑھنے کے الزام میں لکھنئو پولیس نے محمد عادل نام کے شخص کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق عادل کو چوپاٹیہ علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے، جب کہ وہ پرانے شہر کا رہنے والا ہے۔ واضح رہے کہ 10 جولائی کو لولو مال کا افتتاح ہوا تھا، 12 جولائی کو بغیر اجازت مال میں نماز ادا کی گئی تھی، جس کا ویڈیو سوشل میڈیا خوب وائرل ہوا تھا، وہیں مال کے پی آر او نے 14 جولائی اس معاملے میں مقدمہ درج کرایا تھا، جس کے بعد سے ہی لکھنئو پولیس نماز پڑھنے والے لوگوں کو تلاش کررہی تھی۔ اس معاملے میں اب تک پولیس نے نامزد کیے گئے 9 لوگوں میں چار افراد کو گرفتار کرلیا تھا، جو جیل میں بند ہیں۔ وہیں اب پولیس نے پانچویں شخص کو بھی گرفتار کرلیا ہے، مزید چار لوگوں کو تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ منگل کو پولیس نے مال میں نماز پڑھنے کے الزام میں 4 لوگوں کو گرفتار کیا تھا، کئی سخت گیر ہندو تنظیموں نے الزام لگایا تھا کہ لولو مال میں نماز پڑھنے کے پیچھے ایک بڑی سازش رچی جارہی ہے۔ پولیس انتظامیہ نے اس معاملے میں سازش کی قیاس آرائیوں کی تردید کی تھی۔