علیگڑھ:عالمی شہرت یافتہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سابق وائس چانسلر طارق منصور کے 2 اپریل کو استعفی کے بعد یونیورسٹی پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز ،وائس چانسلر کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ گزشتہ تقریباً پانچ ماہ کا عرصہ گزر نے کے بعد بھی باقاعدہ وائس چانسلر پینل کے طریقہ کار کا عمل ابھی شروع نہیں کیا گیا ہے۔ اس کے خلاف اب اے ایم یو ٹیچرس ایسوسی ایشن (AMUTA) نے ایسوسی ایشن کے سابق عہدیداران اور ریٹائرڈ اساتذہ کے ساتھ خصوصی میٹنگ کرکے اگلے وائس چانسلر کے طریقہ کار جلد شروع کرنے سے متعلق قرار دات منظور کی جس میں انتظامیہ کو ایک ہفتہ کا وقت دیا گیا ہے بصورت دیگر یک روزہ ہڑتال کے بعد دھرنے کا اعلان کیا ہے اور باقاعدہ تحریک شروع کرنے کی طرف پیش رفت کردی گئی ہے۔
یونیورسٹی ٹیچنگ اسٹاف کلب میں گزشتہ روز اے ایم یو ٹیچرس ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر محمد خالد، سیکریٹری ڈاکٹر عبید اے صدیقی اور جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر سعد بن جاوید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ AMUTA ایگزیکٹو کمیٹی اور سابق عہدیداروں کی ایک مشترکہ میٹنگ آج عمل میں آئی جس میں یونیورسٹی کے موجودہ اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 2 اپریل 2023 کو سابق وائس چانسلر طارق منصور کے استعفیٰ کے بعد سے اس وقت کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز یونیورسٹی وائس چانسلر کی خدمات انجام دے رہے ہیں باوجود اس کے یونیورسٹی نے باقاعدہ وائس چانسلر پینل کے طریقہ کار کا عمل شروع نہیں کیا گیا ہے۔