علیگڑھ:علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) شعبہ رابطہ عامہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کووڈ ویکسینیشن پر مبنی اے ایم یو گزٹ کے خصوصی شمارہ کے اجراء کے موقع پر پروفیسر طارق منصور نے وزیراعظم نریندر مودی کی کوششوں کی ستائش کی اور اس بات پر زور دیا کہ وہ بھارت کے کامیاب کووڈ-19 ویکسینیشن پروگرام کے معمار ہیں۔
پروفیسر منصور نے کہا کہ ہم مرکزی حکومت اور مختلف شرکائے کار کے تئیں بھی ممنونیت کا اظہار کرتے ہیں جو یونیورسٹی میں ویکسین ٹرائل اور ٹیکہ کاری مہم کے دوران ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔ ہم ملک میں ایک بلین ڈوز کے حصول سے وابستہ ہر فرد کی کوشش کو بھی سراہتے ہیں۔ بھارت کے ویکسینیشن کے اعداد دنیا بھر میں کووڈ ویکسینیشن کی سب سے زیادہ قبولیت کا پتہ دیتے ہیں بلکہ اس ریکارڈ وقت کی بھی نشاندہی کرتے ہیں جس میں کور یج حاصل کی گئی ہے۔ یونیورسٹی کا خصوصی شمارہ، کووڈ ویکسینیشن میں اے ایم یو کے طبی ماہرین اور دیگر کی خدمات کی جھلک پیش کرتا ہے اور ملک میں ایک بلین ڈوز سے سنگ میل کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ اے ایم یو کو کووڈ ویکسینیشن کے ٹرائل کے لیے منتخب کیا گیا اور یہ پہلا ادارہ تھا جس نے 1000 رضا کاروں کا اندراج کیا اور اپنی رپورٹ پیش کی۔ جے این میڈیکل کالج کے ڈاکٹر اور محققین کووڈ ٹیکہ کاری کی مہم میں سب سے آگے ہیں۔ یونیورسٹی ان کی انتھک محنت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔