فیکٹ چیکنگ سائٹ آلٹ نیوز AltNews کے شریک بانی محمد زبیر کو دہلی پولیس نے 27 جون 2018 کے ایک ٹویٹ پر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ یہ ستم ظریفی نہیں تو کیا ہے کہ دہلی پولیس کے ہاتھوں محمد زبیر کی گرفتاری ایسے دن ہوئی جب بھارت آزادانہ اظہار رائے کے تحفظ کے لیے G7 کانفرنس کا حصہ بنا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جرمنی میں G7 اجلاس میں شرکت کی جہاں دستخط کنندگان نے 'آزادی فکر، ضمیر، مذہب یا عقیدے کی حفاظت اور بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے' کا عہد بھی کیا۔ آزادی اظہار جمہوریت کا لازمی جزو ہے۔
محمد زبیر کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اے ایم یو کے طلبا رہنما، محمد سلمان غوری نے کہا کہ محمد زبیر کی گرفتاری جمہوریت کا قتل ہے، ملک میں قانون کا راج چلنا چاہیے تھا لیکن ایک ایسے وقت میں جو لوگ انصاف اور حق کی آواز اوٹھا رہے ہیں، ان کو گرفتاریکیا جا رہا ہے۔ دو روز قبل بھی ممبئی سے ایک خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے لیکن ابھی تک حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والی بی جے پی کے سابق ترجمان نپور شرما کو گرفتار نہیں کیا گیا، جس کے خلاف پورے ملک میں احتجاج و مظاہرہ کر کے اپنی ناراضگی ظاہر کی جا رہی ہے، باوجود اس کے اس کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا۔