اے ایم یو نے اترپردیش کے مردم شماری ڈائرکٹریٹ کے ساتھ مفاہمت نامہ پر دستخط کئے
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے اترپردیش کے مردم شماری ڈائرکٹریٹ کے ساتھ ایک مفاہمت نامہ پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت یونیورسٹی کی مولانا آزاد لائبریری میں ’مردم شماری ڈاٹا ریسرچ ورک اسٹیشن‘ قائم کیا جائے گا۔
Published : Nov 30, 2023, 9:52 PM IST
علیگڑھ: ریاست اترپردیش کے مردم شماری ڈائرکٹریٹ کے ساتھ ایک مفاہمت نامہ پر دستخط کے وقت علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے کارگزار وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز، رجسٹرار جناب محمد عمران (آئی پی ایس)، سابق چیئرمین شعبہ شماریات و آپریشنز ریسرچ پروفیسر قاضی مظہر علی، ڈپٹی لائبریرین ڈاکٹر آصف فرید صدیقی اور ڈپٹی ڈائریکٹر، ڈائریکٹریٹ آف سینسس آپریشن، اترپردیش، ڈاکٹر ایس ایس شرما اور دیگر اہلکار موجود تھے۔
پروفیسر محمد گلریز نے کہا کہ یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ مردم شماری کے اعداد و شمار کثیر المقاصد ترقیاتی پالیسیوں کی تشکیل و نگرانی اور منصوبہ بندی کے تجزیہ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لئے عام لوگوں، ماہرین و محققین، طلباء، اور ڈاٹا استعمال کرنے والے دیگر افراد و اداروں کے لئے اعداد و شمار تک رسائی بے حد اہم ہے۔ ڈاکٹر ایس ایس شرما نے بتایا کہ حکومت ہند کی جانب سے ”مردم شماری ڈاٹا ریسرچ ورک اسٹیشن“ ملک کے تمام معروف تعلیمی اداروں میں قائم کئے جارہے ہیں جس کا مقصد ماہرین، محققین و دیگر افراد کو قابل اعتماد ڈاٹا فراہم کرنا اور اس ڈاٹا پر مبنی تحقیق کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مردم شماری 1991، 2001 اور 2011 کے تمام شائع شدہ مردم شماری ٹیبل اور ڈاٹا، ریسرچ ورک اسٹیشنوں میں ڈجیٹل شکل میں محققین کے لئے دستیاب ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ورک اسٹیشن اے ایم یو کے طلباء اور محققین کے لئے ہندوستان کی آبادی کے سماجی و اقتصادی پس منظر کو سمجھنے اور ان پر منظم تحقیق کے لیے خاطر خواہ مواد فراہم کرے گا۔ محمد عمران نے کہا کہ اے ایم یو میں قائم شدہ ’مردم شماری ڈاٹا ریسرچ ورک اسٹیشن‘ نہ صرف علی گڑھ ضلع بلکہ آس پاس کی ریاستوں کے لیے بھی مفید ہے۔ یہ سماجی، اقتصادی اور آبادیاتی موضوعات پر اعلیٰ تحقیق کے لیے مردم شماری کے مائیکرو اعداد و شمار اساتذہ، سائنسدانوں، محققین اور طلباء وغیرہ کو آسانی سے دستیاب کرانے کی ایک مثالی کوشش ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مظفر نگر میں اجتماعی شادیوں کی تقریب کا انعقاد
مردم شماری کے اعداد و شمار پر مبنی تیس ہزار سے زائد ٹیبل، آٹھ ہزار کتابیں، نقشہ جات، تلخیص اور مضامین وغیرہ کو censusindia.gov.in پر ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔ یہ ویب سائٹ ہندوستان کے رجسٹرار جنرل اور مردم شماری کمشنر کے دفتر کے زیر انتظام ہے۔