علیگڑھ:ریاست اتردیش میں واقع عالمی شہرت یافتہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے غیر تدریسی ملازمین یونیورسٹی انتظامیہ بلاک کے سامنے اپنی ملازمت کی کنفرمیشن، الاونس کی بحالی اور تنخواہ میں اضافہ کے لئے گزشتہ 26 روز سے دھرنے پر بیٹھے ہیں۔ 9 نومبر کو ایک روزہ ہڑتال کے بعد اب دوبارہ ملازمین نے ہڑتال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، ملازمین کے مطابق دسمبر ماہ کے پہلے ہفتے میں دوبارہ ہڑتال کریں گے جو غیر معینہ بھی ہو سکتی ہے جس کا فیصلہ جنرل باڈی میٹنگ میں جلد لیا جائے گا۔
دھرنے پر موجود ملازمین نے بتایا کہ یہ دھرنا جب تک جاری رہے گا جب تک یونیورسٹی انتظامیہ ہمارے مطالبات کو پورا نہیں کر دیتا ہے۔انہوں نے مزید کہا اس وقت یونیورسٹی میں تاناشاہی چل رہی ہے، یونیورسٹی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ یہ اعلان کر دیں کہ یونیورسٹی کے سرویئر رجسٹرار ہی رہیں گے اس لئے کسی وائس چانسلر، فنانس آفیسر، کنٹرول کی ضرورت نہیں ہے، اخلاقیات کی بنیاد پر یونیورسٹی انتظامیہ میں اعلی عہدوں پر فائز تمام ذمہ داران کو استعفی دے دینا چاہیے۔
انہوں نے بتایا یونیورسٹی کی اعلی گورننگ باڈی ایگزیکٹو کونسل کی میٹنگ میں بائیومیٹرک لگانے اور ہمیں الاونس دینے پر مہر لگائی تھی۔ باوجود اس کے تقریبا ایک ماہ ہو گیا ابھی تک الاونس نہیں دئے جا رہے ہیں اور بائیو میٹرک مشین ضرور لگادی گئی ہے۔