جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں لکھنؤ کی ایک پرائیویٹ کمپنی کے تقریباً 152 ملازمین جو کانٹریکٹ پر گزشتہ چار سال سے میڈیکل کالج میں اپنی ڈیوٹی کو انجام نام دے رہے ہیں۔ سبھی ملازمین نے آج ٹراما سنٹر ایمرجنسی کے سامنے چار مہینے سے تنخواہ نہ ملنے پر پرامن احتجاج کے ساتھ ہڑتال شروع کر دی ہے۔
ہڑتال کر رہے ملازمین کا کہنا ہے گزشتہ چار ماہ سے ہمیں تنخواہ نہیں مل رہی ہے، جس کی وجہ سے ہمیں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ہمارے گھروں میں بچوں کو کھانے کے لیے نہیں ہے۔
ملازمین کا کہنا ہے جب تک ہمیں تنخواہ نہیں ملے گی ہم لوگ ہڑتال ختم نہیں کریں گے۔ موجودہ کمپنی نے ہمیں گزشتہ چار ماہ سے تنخواہ نہیں دی باوجود اس کے کنٹریکٹر کو تبدیل کیا جا رہا ہے اور اطلاع کے مطابق نئی کمپنی ہماری تنخواہ 40 سے 50 فیصد کم کرے گی۔
احتجاج میں شامل محمد زید نے بتایا ہم یہاں میڈیکل کالج میں چار سال سے نوکری کر رہے ہیں کبھی ہماری تنخواہ وقت پر نہیں آئی، ہم نے کووڈ کے دوران بھی اپنی ڈیوٹی کو انجام دیا اور ہر پریشانی کو برداشت کیا۔ اب سننے میں آرہا ہے ایک نئی کمپنی آرہی ہے یکم نومبر سے وہ ہماری تنخواہ 40 سے 50 فیصد کم کر رہی ہے۔