علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے رجسٹرار مسٹر محمد عمران کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی کے تمام طلباء اور عملے کے اراکین کووڈ-19 کے سلسلہ میں مطلوبہ عادات و اطوار کو اپنائیں، جس میں ماسک پہننا، سینیٹائزر کا استعمال کرنا چاہیے اور صابن و پانی سے بار بار ہاتھ دھونا شامل ہے۔ آنے والے امتحانات و داخلہ امتحانات کا حوالہ دیتے ہوئے اے ایم یو رجسٹرار محمد عمران کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں ہدایت دی گئی ہے کہ طلباء لائبریریوں، ریڈنگ روم، اور عوامی مقامات جیسے لفٹ، راہداری اور عوامی عمارات میں ہجوم لگانے سے گریز کریں۔
ایڈوائزری کے مطابق ”یونیورسٹی ہیلتھ سروس، اور پرووسٹوں وغیرہ کی جانب سے عوامی مقامات پر باقاعدگی کے ساتھ صفائی اور چھڑکاؤ کا کام مختلف حکومتی ہدایات کے مطابق کیا جانا ہے، اور دفاتر کے سربراہان جیسے کہ پرووسٹ وغیرہ بھی کووڈ-19 کے سلسلہ میں بیداری کے لئے اپنی ٹیموں کو حساس بنائیں اور کووڈ کے مشتبہ معاملات کی بروقت اطلاع دیں اور فوری علاج کرانے پر زور دیں“۔