علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج و اسپتال کا شمار ملک کے بڑے سرکاری اسپتالوں میں ہوتا ہے جہاں روزانہ ریاست اترپردیش سمیت دیگر ریاستوں سے بڑی تعداد میں مریض علاج کے لئے آتے ہیں لیکن خاص کر ایمرجنسی میں علاج کے دوران اے ایم یو طلباء اور میڈیکل اسٹاف کے درمیان اکثر لڑائی ہوتی رہتی ہیں جس کی وجہ سے ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف ہڑتال پر چلے جاتے ہیں جس کے سبب مریضوں کو خاصی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بنا علاج کے ہی مریضوں کو لوٹنا پڑتا ہے۔
علاج کے دوران لڑائی کی وجہ سے کچھ روز قبل ہی جونیئر ڈاکٹرز کی پانچ روزہ ہڑتال ختم ہوئی ہے اور آج پھر دوپہر سے شام تک تین مختلف مریضوں کے ساتھ آئے تیمارداروں اور میڈیکل اسٹاف کے درمیان لڑائی اور بدتمیزی کے واقع پیش آئے جس کے سبب ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف نے ایمرجنسی میں علاج کرنا کرنا بند کردیا۔ ایمرجنسی میں ایک جانب نرسنگ اسٹاف موقع پر موجود اے ایم یو طلباء اور طلباء رہنماؤں کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے تو ان ہی کے سامنے طلباء اور طلباء رہنما میڈیکل اسٹاف کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔دونوں ہی ایک دوسرے پر علاج کے دوران بدتمیزی کے الزام عائد کرتے ہوئے انصاف کی مانگ کر رہے تھے۔