علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بائیو کیمسٹری شعبہ کے سابق طالب علم ندیم رحمان (ڈائریکٹر نیو لائف کنسلٹنٹس اینڈ ڈسٹری پرائیویٹ لمیٹڈ، نئی دہلی) نے ملک کی پہلی اینٹی باڈی پر مبنی جانچ کٹ تیار کی ہے جس کی قیمت موجودہ وقت میں 500 روپیہ ہے جبکہ دیگر لیب کووڈ 19 کی جانچ کے لیے تقریبا 4500 روپے چارج کرتے ہیں۔ اس کفایتی جانچ کٹ سے ملک کی وسیع آبادی کو فائدہ پہنچے گا۔
واضح رہے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھی کئی ممالک سے کورونا وائرس کی جانچ کے لیے کٹ تیار کرنے کی اپیل کی تھی۔ ملک میں لاک ڈاؤن کے دوران ندیم رحمانکو حکومت ہند کے اہلکاروں نے نیو لائف کو کھولنے کی اجازت دی جہاں انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مذکورہ جانچ کٹ کو تیار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
ندیم رحماننے بتایا کہ 'جانچ کٹ کو محض دو ہفتوں کے اندر تیار کیا گیا جسے انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (ای سی ایم آر) نے اپنی منظوری دے دی ہے اور جلد ہی وسیع پیمانے پر اس کا پروڈکشن شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا 'ہم امید کرتے ہیں کہ ایک دن میں ایک لاکھ کٹ تیار کر سکیں تاکہ بڑے پیمانے پر کووڈ 19 کی جانچ ہوسکے'۔
اتر پردیس حکومت اور ای سی ایم آر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے رحمان نے کہا کہ 'حکومت اور ای سی ایم آر نے ان پر اور ان کی ٹیم پر اعتماد کیا یہ ہمارے لیے اعزاز اور مسرت کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'جانچ کٹ کے ایک سیٹ کی قیمت 500، 600 روپے ہوگی، جس کی مزید کم ہونے کی امید ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس تیز رفتار جانچ کٹ کے ایک خاص بات یہ ہے کہ مہنگی آر ٹی پی سی جانچ کٹ کے مقابلے یہ بہت کفایتی ہے۔ اس سے ملک کے پیتھالوجی خدمات پر دباؤ بھی کافی کم ہوگا کیوں کہ نئی کٹ سے کووڈ 19 کی جانچ اور شناخت میں تیزی آئے گی۔
اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے ملک میں کورونا وائرس کی روک تھام کے محاذ پر ندیم رحمان کی گرانقدر کاوش کو سراہتے ہوئے کہا ہمارے لیے یہ بات باعث فکر وہ مسرت ہے کہ اے ایم یو کے فرزند نے کفایتی جانچ کٹ تیار کی جس کی بہت ضرورت تھی، کیونکہ ملک میں سخت احتیاطی تدابیر کے باوجود کورونا وائرس کے معاملات میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
فیکلٹی آف لائف سائنسز کے ڈین پروفیسر قیوم حسین، اے ایم یو سے بائیو کیمسٹری میں بی ایس سی اور ایم ایس سی کرنے والے ندیم رحمن کے استاد رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'بھارت میں اینٹی باڈی پر مبنی اولین جانچ کٹ کی ایجاد عوامی مفاد میں ایک عظیم کارنامہ اور ایک بڑی انسانی خدمت ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں اے ایم یو اور اس کے فرزندان قائدانہ کردار نبھا رہے ہیں۔ اے ایم یو کے جواہر لال میڈیکل کالج میں کووڈ 19 کے تقریبا 2500 مفت جانچ ہوچکے ہیں۔