رامپور:ریاست اترپردیش کے رامپور کی تحصیل بلاسپور پہنچے آر ایل ڈی سربراہ جینت چودھری نے ملک میں بڑھتے فرقہ وارانہ تشدد اور لاؤڈ اسپیکر پر اذان تنازع پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ان سب کے لیے وزیر داخلہ امت شاہ کو ذمہ دار ٹھہراتا ہوں۔ ان کے راج میں جس طرح سے فسادات بھڑکائے جا رہے ہیں کیا ان کی جوابدہی نہیں؟Jayant Chaudhary On Amit Shah
انہوں نے کہا کہ ایسا اس لئے کیا جاتا ہے کہ لوگ مہنگائی پر بات نہیں کر سکیں، بیروزگاری کتنی بڑھ رہی ہے اس کا سوال نہیں کر سکیں، پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس سلینڈر کی بڑھتی قیمتوں پر بات نہیں ہو سکے، اس لئے اس قسم کے مسائل کو ہوا دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر گڈھے کیسے بھرنے چاہیے؟ اس پر بات ہونی چاہیے اور ہمیں ترقیاتی کاموں سے متعلق بات کرنی چاہیے۔
مذہبی جلوسوں میں غیر قانونی اسلحوں کو لہرائے جانے اور مساجد کے سامنے شرانگیزی والے نعرے بلند کرنے کے سوال پر جینت چودھری نے کہا کہ میں ہندو ہوں۔ میں اپنے مذہب کو مانتا ہوں اور مجھے کوئی یہ بتا دے کہ ہندو مذہب میں یہ کہاں لکھا ہے کہ آپ دوسرے مذہب کے لوگوں کو نیچا دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا تہوار اس طرح سے منائیں۔