مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کو سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو کے پارلیمانی حلقے اعظم گڑھ میں ایس پی سمیت دیگر اپوزیشن پارٹیوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ انتخابات نزدیک آتے ہی ایس پی سربراہ کو تقسیم ہند کے ذمہ دار محمد علی جناح 'عظیم' نظر آنے لگتے ہیں۔
اعظم گڑھ میں اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ سرکاری یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد امت شاہ نے عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'اس ریلی میں اقلیتی سماج کے کافی افراد موجود ہوں گے لیکن کیا کوئی ایک بھی شخص ایسا ہے جو جناح کو عظیم مانتا ہو؟
انہوں نے اکھلیش پر اپنے سیاسی مفادات کی تکمیل کے لئے مذہبی منھ بھرائی کے ہتھکنڈے اپنانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنوانے والے جناح کو اس ملک میں کوئی بھی عظیم نہیں گردان سکتا ہے۔