ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی میں اعلیٰ حضرت مجدد دین و ملّت امام احمد رضا خاں فاضلے بریلویؓ کے دستہ مبارک سے قائم کردہ مدرسہ 'جامعہ رضویہ منظرِ اسلام' بریلوی مکتب فکر، اہل سنت و جماعت کا عالمی شہرت یافتہ مرکزی ادارہ ہے۔
اس ادارے نے اپنی بے لوث خدمت سے دین و مذہب کے ساتھ پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔
اس وقت یہ عظیم ادارہ اور اس کے استاد مفتی محمد سلیم نوری بریلوی گذشتہ کئی مہینے سے سوشل میڈیا اور یوٹیوب جیسے جدید پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوان نسل کو ہندوستان کی آزادی کی تحریک میں مسلمان مجاہدین کی قربانیوں کو بھرپور انداز میں آگاہ کر رہے ہیں۔
اس سلسلہ میں صحافتی ترجمان ناصر قریشی نے بتایا کہ 'مرکز اہل سنت کے سربراہ حضرت سبحانی میاں اور سجادہ نشین حضرت مفتی احسن میاں صاحب کی نگرانی میں مدرسہ جامعہ منظر اسلام کے مفکر و دانشور اور نباض و دور اندیش عالم دین مفتی محمد سلیم نوری بریلوی مسلسل میڈیا، سوشل میڈیا اور اپنے آن لائن پروگرامز کے توسط سے مسلم قائدین و مجاہدین آزادی سے نونہالان قوم و ملت کو شعور و آگہی بخشنے کا کام انجام دے رہے ہیں۔