لکھنؤ: الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے کہا ہے کہ وہ کفیل خان کی اس عرضی پر فیصلہ کرے گی جس میں گھورکپور کے بی آر ڈی میڈیکل کالج کے انسیفلائٹس وارڈ سے ان کی خدمات کی برطرفی کو چیلنج کیا گیا ہے۔ اگر اتر پردیش حکومت اگلی سماعت سے پہلے حلف نامہ داخل نہیں کرتی ہے تو اس سلسلے میں عدالت خود فیصلہ کرے گی۔
عدالت نے اس معاملے کی اگلی سماعت جنوری 2024 کے دوسرے ہفتے میں کرنے کی بات کہی ہے۔ ڈاکٹر کفیل خان نے اس سلسلے میں صحافیوں کو بتایا کہ درخواست دائر کیے ایک سال گزر چکا ہے۔ تاہم ریاستی حکومت نے ابھی تک اس معاملے پر اپنا حلف نامہ داخل نہیں کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حکم سے انہیں اپنی ملازمت واپس ملنے کا قوی امکان نظر آرہا ہے کیونکہ وہ مختلف انکوائری کمیٹیوں کی جانب سے فرائض میں غفلت جیسے تمام الزامات سے بری ہو چکے ہیں۔