ریاست اتر پردیش کے ضلع رامپور میں آج جیسے ہی عبادت گاہوں کو کھولا گیا تو مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے عقیدت مند بڑی تعداد میں اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے پہنچ گئے۔ رامپور کے گنج قدیم میں واقع ہندو مذہب کا شری ہری ہر مندر جہاں آج صبح سے ہی عقیدت مندوں کا تانتا لگا ہوا ہے۔ ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے مندر کے پجاری نیرج بھاردواج نے بتایا کہ 'آج بہت دن بعد لوگ درشن کرنے مندر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 'دوپہر تک تقریباً 150 سے دو سو لوگ پوجا کرکے جا چکے ہیں۔
وہیں رامپور کا بڑا گرودوارہ سنت بھائی جی بابا، جہاں سکھ فرقہ سے تعلق رکھنے والے عقیدت مند گرودوارہ میں گرو گرنتھ صاحب کا پاٹھ کرتے نظر آئے۔ یہاں جو بھی عقیت مند پہنچ رہے تھے ان کو سینیٹائز کرکے اندر داخل کیا جا رہا تھا۔ گرودوارہ منیجر کمیٹی کے پردھان درشن سنگھ کھرانہ نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'آج بہت ہی مبارک دن ہے۔ تقریباً 75 دن بعد تمام مذہبی مقامات کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 'بہت بڑی تعداد میں لوگ گرودوارہ پہنچ رہے ہیں۔