اترپردیش کے متعدد اضلاع میں ڈینگو سے بچوں کی ہورہی اموات کے پیش نظر بارہ بنکی کے ضلع مجسٹریٹ نے ایک پریس کانفرنس منعقد کی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ضلع میں ڈینگو سے تحفظ کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ اس کے لیے خصوصی کنٹرول روم بنایا گیا ہے۔' ساتھ ہی انہوں نے عوام کو ڈینگو سے تحفظ کے لئے بیدار بھی کیا۔
واضح رہے کہ مشرقی اترپردیش میں گزشتہ کئی روز سے ڈینگو کا قہر جاری ہے جس سے بڑی تعداد میں بچوں کی اموات ہو چکی ہیں۔ اسی کے پیش نظر حکومت کی ہدایت پر بارہ بنکی کے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر آدرش سنگھ نے پریس کانفرنس کرکے وبا کی روک تھام کےلیے کی جارہی تیاریوں سے متعلق بتایا۔
انہوں نے بتایا کہ 'بارہ بنکی پہلے سے ڈینگو اور دماغی بخار کے معاملے میں حساس رہا ہے اس لیے ممکنہ خترے کے پیش نظر تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ان کے مطابق تمام سی ایچ سی اور پی ایچ سی پر ڈینگو کے لئے مچھردانی سے لیس دو بیڈ تیار ہیں۔ ضلع ہسپتال میں بھی ان بیڈ کے ساتھ جے ای اور اے ای کے لئے قبل کی مانند وارڈ تیار ہیں۔'