وزیراعظم مودی کے ذریعہ تینوں زرعی قوانین کی واپسی کے اعلان کے بعد اب آل انڈیا مسلم فیڈریشن کے قومی صدر بابر خاں نے اترپردیش کے رامپور میں ای ٹی وی بھارت سے اپنی بات چیت میں کہا کہ ہم زرعی قوانین کی واپسی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
اور اب ہم امید کرتے ہیں کہ وزیر اعظم مودی جلد ہی شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی جیسے قوانین بھی جلد واپس لیں گے۔
آل انڈیا مسلم فیڈریشن کے قومی صدر بابر خاں نے شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کو بھی واپس لینے کا وزیر اعظم سے مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ 'میں سب سے پہلے تو زرعی قوانین کی واپسی پر کسان بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ان کی انتھک جدوجہد رنگ لائی۔ انہوں نے کہا کہ میں بھارتی کسان یونین ترجمان راکیش ٹکیت جی کو مبارکباد دیتا ہوں۔'
اس موقع پر بابر خاں نے کسان تحریک کے دوران جاں بحق ہونے والے کسانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسان تحریک کے دوران تقریباً 700 کسان شہید ہو چکے ہیں، 'میں ان تمام شہید کسانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔'