اے ایم یو کے رجسٹرار عبدالحمید AMU Registrar Abdul Hamid (آئی پی ایس) نے کہا کہ "مقررہ تاریخوں سے مرحلہ وار طریقے سے یونیورسٹی کو کھولنے کا فیصلہ ملک کے مختلف حصوں کے طلبہ کی سہولت کے لئے کیا گیا ہے، تاکہ وہ اپنے سفر میں ضروری انتظامات کر سکیں"۔ یونیورسٹی کی مرکزی مولانا آزاد لائبریری کو بھی کھول دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی شعبہ کے سیمینار میں بھی اب طلبہ پڑھائی کرتے نظر آ رہے ہیں۔ عید کے بعد (مئی) مہینے تک یونیورسٹی کی تمام کلاسز آن لائن سے آف لائن ہو جائیں گی اور طلبہ کی رہائش بھی یونیورسٹی کے مختلف ہالوں میں ممکن ہو جائے گی۔
یونیورسٹی پراکٹر پروفیسر وسیم علی نے بتایا کہ وائس چانسلر نے آف لائن کلاسز سے متعلق ایک کمیٹی بنائی ہوئی ہے۔ جس کے چیئرمین یونیورسٹی رجسٹرار ہیں۔ جس کی آخری میٹنگ دو روز قبل ہوئی، جس میں یہ طے ہوا کہ انجینئرنگ کالج میں بی ٹیک سیکنڈ اور فورتھ سمسٹر اور ایم ٹیک سیکنڈ سمسٹر کے طلباء کی کلاس آف لائن 11 اپریل سے شروع ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ پوسٹ گریجویشن اور انڈر گریجویشن کے فائنل سمسٹر کے طلباء کی کلاسز پہلے سے ہی آف لائن چل رہی ہیں۔