علیگڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈٹکنالوجی میں حال ہی منعقدہ کیمپس پلیسمنٹ مہم کے تحت دمام، سعودی عربیہ کی کمپنی عربین الیکٹریکل ٹرانسمیشن لائن کنسٹرکشن کمپنی لمیٹیڈ نے بی ٹیک کے آٹھ طلبہ کا انتخاب کیا ہے۔ انجینئرنگ کالج کے ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر ایم فرحان سعید نے بتایا کہ منتخب طلبا میں ایم توفیق عالم (بی ای الیکٹریکل، 2022 بیچ)، ریحان منصور (بی ای الیکٹریکل، 2021 بیچ)، محمد عاصم (بی ای سول، 2020 بیچ)، طفیل احمد (بی ای سول، 2022 بیچ)، محمد حارث (ٹیک سول، 2022 بیچ)، ایم عمران (بی ای سول، 2022 بیچ)، عبدالوحید (بی ای سول، 2021 بیچ) اور یاسر عامر (بی ٹیک سول، 2022 بیچ) شامل ہیں۔ وہیں صحت خدمات کے میدان میں سرگرم کمپنی انٹل انٹر نیشنل کے اہلکاروں نے بھی اے ایم یو کے ویمنس کالج میں کیمپس پلیسمنٹ مہم کے تحت 150 سے زائد طالبات کا انٹرویو کیا۔ کیمپس پلیسمنٹ مہم کا اہتمام یونیورسٹی کے ٹریننگ وپلیسمنٹ آفس (جنرل) اور ویمنس کالج کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ سیل کے اشتراک و تعاون سے کیا گیا۔
کیمپس سلیکشن کے لئے انٹرویو سے قبل منعقدہ استقبالیہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ویمنس کالج کی پرنسپل پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہاکہ خواتین آج ہر شعبہ میں اپنی محنت سے مقام بنا رہی ہیں اور ہر شعبہ لڑکیوں کی محنت کا قائل ہے۔ بطور خاص صحت کے شعبے میں خواتین کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ پروفیسر نعیمہ گلریز نے کہا کہ ویمنس کالج لڑکیوں کو صرف کتابی تعلیم نہیں دیتا ہے بلکہ ہم ان کو اس لائق بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتے ہیں کہ وہ ملک و قوم کی خدمات میں نمایاں کردار اداکریں۔ واضح رہے کہ’انٹل انٹرنیشنل‘ صحت خدمات میں اعلیٰ مقام رکھتی ہے، جس نے دس طالبات کے انتخاب کے لئے انٹرویو کیا، جس میں ڈیڑھ سو سے زائد طالبات نے شرکت کی۔