علی گڑھ (اتر پردیش) :چاند پر چندریان 3 کی سافٹ لینڈنگ کو انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) نے ٹیلی ویژن اور انٹرنیٹ میڈیا کے ذریعے براہ راست نشر کیا تھا، جس کو ملک کے مختلف مقامات سمیت علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں بھی مختلف مقامات پر طلباء، اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ نے اس تاریخی لمحہ کا مشاہدہ کیا اور خوشی کا اظہار کیا۔
اے ایم یو کے کارگزار وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک کی اس عظیم کامیابی پر فخر و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کہ یہ اسرو کی اب تک کی سب سے عظیم کامیابی ہے، جس نے ہندوستان کے لیے چاند کے جنوبی حصے پر اترنے والا پہلا اسپیس کرافٹ لانچ کرنا ممکن بنایا۔انہوں نے کہا: ’’بھارت نے چندریان3 مشن کو ممکن بنانے کے لیے اپنی مقامی تکنیکی صلاحیت پر مکمل انحصار کیا اور یہ یقیناً ہمارے لیے اپنے سائنسدانوں پر فخر کرنے کا لمحہ ہے جنہوں نے اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے انتھک جدو جہد کی۔‘‘
یونیورسٹی کے انتظامیہ بلاک میں اے ایم یو رجسٹرار، محمد عمران آئی پی ایس، اور دیگر اہلکار چندریان-3 کے چاند پر اترنے کے تاریخی لمحہ کا مشاہدہ کرنے کے لیے موجود تھے۔ اے ایم یو میں مختلف مقامات پر چندریان-3 کی تاریخی لینڈنگ کو لائیو دیکھنے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ طلباء و طالبات نے اس تاریخی لمحہ کو حیرت و مسرت سے دیکھا اور خوشی کا اظہار کیا۔