علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں فزیکل ایجوکیشن شعبہ کے زیر اہتمام نویں بین الاقوامی یوم یوگ پر عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی جس میں یونیورسٹی، مختلف اسکولوں و مدارس اور دیگر اداروں کے شرکاء بشمول اساتذہ، طلباء و عہدیداران کثیر تعداد میں شامل ہوئے۔ ایک ہزار سے زائد افراد جس میں مدارس کے بھی 43 طلباء شامل تھے جوش و خروش کے ساتھ وزارت تعلیم اور آیوش کی جانب سے مقرر کردہ پروٹوکول کے مطابق یوگ میں شریک ہوئے۔ اس دوران اے بی کے ہائی اسکول (گرلز) کی ساتویں جماعت کی طالبہ عروج مدثر نے مہارت سے یوگ کے مختلف آسنوں کا مظاہرہ کیا۔
اپنے افتتاحی خطاب میں اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے وسیع پیمانے پر یوگ پروگرام کے انعقاد کے لیے منتظمین کی کوششوں کی ستائش کی، جس میں ایک سال تک جاری رہنے والی 'اکھنڈ یوگ کاریہ شالا' بھی شامل تھی، جس کا اختتام بین الاقوامی یوم یوگ پر ہوا۔ وائس چانسلر نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ مکمل تندرستی اور سکون کے لیے یوگ کو روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ یوگ جسم کی طاقت اور مدافعتی نظام کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے۔ انہوں نے اکھنڈ یوگ کاریہ شالا کے شرکاء کو شال اور یادگاری نشان سے نوازا، جن میں اجے کمار اگروال، کمل کمار گپتا، ومل بترا, حفظ الرحمن، امیش کمار، پنکج گپتا، رادھا گپتا، رمپی کمار، پروین گپتا، محمد زاہد سیفی، مینل بھاٹیہ اور زیبا خاتون تھے جنہوں نے ’یوگ یودھا‘ کے طور پر خدمات انجام دیں۔
Yoga Day at AMU اے ایم یو میں عالمی یوم یوگ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا - علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی خبر
اس موقعے پر ایم یو وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے خطاب کرتے ہوئے حاضرین پر زور دیا کہ وہ مکمل تندرستی اور سکون کے لیے یوگ کو روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ یوگ جسم کی طاقت اور مدافعتی نظام کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے۔
اپنے خطاب میں مہمان اعزازی اور یونیورسٹی رجسٹرار محمد عمران آئی پی ایس نے حاضرین سے کہا کہ وہ اپنی جسمانی اور ذہنی تندرستی کے لیے مستقل بنیادوں پر جسمانی سرگرمیوں کو اپنے معمول میں شامل کریں اور یونیورسٹی اور قوم کی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں۔ پروفیسر مرزا اسمر بیگ، ڈین، فیکلٹی آف سوشل سائنسز نے اچھی جسمانی اور دماغی صحت کے ساتھ پرکشش شخصیت کو برقرار رکھنے میں یوگ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اکھنڈ یوگ کاریہ شالا کے شرکاء کو بھی مبارکباد دی۔
قبل ازیں مہمانوں اور شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے فزیکل ایجوکیشن شعبہ کے سربراہ اور بین الاقوامی یوم یوگ کے آرگنائزنگ سکریٹری پروفیسر سید طارق مرتضیٰ نے کہا کہ یوم یوگ کی تقریبات نے یونیورسٹی برادری پر انمٹ اثرات چھوڑے، جسمانی تندرستی اور ذہنی ہم آہنگی کو فروغ دیا اور ہندوستان کے مالامال ثقافتی ورثہ کا جشن منایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب یونیورسٹی کے طلباء اور اساتذہ کے درمیان صحت مند اور متوازن طرز زندگی کو فروغ دینے کے عزم کا ثبوت ہے۔
مزید پڑھیں: PM Modi on Yoga Day مودی نے یوگا ڈے منانے پر پوری دنیا کا شکریہ ادا کیا، کہا کہ یوگا پر کوئی رائلٹی نہیں
اے ایم یو پراکٹر پروفیسر سید وسیم علی نے عروج مدثر کو یوگ کے شاندار مظاہرے کے لئے مبارکباد پیش کی۔ یوگ سیشن کے اہتمام میں دھرمیندر کمار، وویک پرکاش سنگھ اور کوریمنیو عبدالرحمٰن نے اپنی مہارت کا ثبوت دیا اور مختلف آسنوں کے ذریعے شرکاء کی رہنمائی کی۔ پروفیسر برج بھوشن سنگھ نے ایک مراقبہ سیشن کی قیادت کی جس کا مقصد ذہنی ارتکاز اور روحانی اطمینان کو فروغ دینا تھا۔ انھوں نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔ پروگرام کی نظامت پی ایچ ڈی اسکالر جنید احمد پارے اور شیوانی سنگھ نے کی۔