علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) میں وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اعلیٰ صلاحیت والے تیسرے آکسیجن جنریشن پلانٹ کا افتتاح کیا۔ یہ پلانٹ ایک منٹ میں ایک ہزار لیٹر آکسیجن پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو ایک وقت میں تقریباً دو سو مریضوں کے لئے کافی ہوگا۔ میڈیکل کالج اب ایک وقت میں فی منٹ تین ہزار لیٹر آکسیجن پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اے ایم یو کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج میں پی ایم کیئرس فنڈ سے نصب ہونے والا یہ دوسرا پلانٹ ہے۔ اس سے قبل ایک آکسیجن پلانٹ جواہر لال نہرو میڈیکل کالج میں ہی اسی سال اے ایم یو کے چانسلر ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کے مالی تعاون اور اے ایم یو کے سابق طلبہ کی عطیات سے لگایا گیا تھا۔
وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا "نیا پلانٹ کووڈ وارڈ میں آئی سی یو آپریشن تھیٹر کمپلیکس کو آکسیجن سپلائی کرے گا، جبکہ پہلے لگائے گئے پلانٹ، ریسپائریٹری آئی سی یو، پیڈیاٹرکس وارڈ اور آئی سی یو، میڈیسن وارڈ اور دیگر یونٹوں میں آکسیجن فراہم کریں گے۔
وائس چانسلر نے کہا یہ لازم ہے کہ اقدامات کی منصوبہ بندی میں تیزی سے کام کیا جائے اور اگر تیسری لہر آتی ہے تو تیاریاں بہتر ہوں۔ تاکہ زندگیوں کو بچایا جا سکے۔ طبی ڈھانچے کو تیار رکھ کر ہم سبھی احتیاطی اقدامات کر رہے ہیں۔
پروفیسر راکیش بھارگو (ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن) نے کہا تین آکسیجن پلانٹوں کے ساتھ جواہر لال نہرو میڈیکل کالج اب ایک وقت میں فی منٹ تین ہزار لیٹر آکسیجن پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔