لکھنؤ:ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں شدید بارش کے بعد اترپردیش حکومت نے معلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو ایک اعلی سطحی میٹنگ میں ریاست کے مختلف اضلاع میں تیز بارش کے بعد مفاد عامہ کے پیش نظر کی جارہی کوششوں کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں شدید بارش کےبعد اگلے کچھ دنوں میں ریاست کی مختلف ندیوں کی آبی سطح میں اضافے کا شبہ ہے۔ اس لیے سینچائی اور پانی وسائل کے ساتھ ساتھ راحت رسانی سے وابستہ سبھی محکمے الرٹ موڈ میں رہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سال اب تک 24 اضلاع میں معمول سے زیادہ بارش ہوئی ہے جبکہ 31 اضلاع میں اوسط سے کم بارش ہوئی ہے۔ تاہم ماہرین موسمیات کے مطابق جولائی کے مہینے میں ان اضلاع میں اچھی بارش کا امکان ہے۔ بدلتے ہوئے موسم کے حالات پر مسلسل نظر رکھی جائے۔ یوگی نے کہا کہ پچھلے کچھ دنوں میں کئی مقامات پر آسمانی بجلی گرنے سے جان و مال کے نقصان کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ ایسے متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کی جائے۔ اس سال مشرقی اتر پردیش میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آسمانی بجلی (ابتدائی وارننگ سسٹم) کی درست پیشین گوئی کا بہتر نظام تیار کرنا ضروری ہے۔ انسانی/مویشی جانوں کے نقصان کو کم سے کم رکھنے کے لیے یہ ضروری ہے۔