لکھنو: سماجو ادی پارٹی (ایس پی) صدر اکھلیش یادو نے پیر کو کہا کہ اترپردیش کی بی جے پی حکومت نے کسانوں کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ یادو نے کہا کہ بی جے پی نے کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا جھوٹا وعدہ کیا۔ مہنگائی بڑھ گئی۔ کسانوں کی آمدنی میں کمی آئی۔ لکھیم پور کبھی گنے اور مٹھائی کے لیے جانا جاتا تھا۔ کسانوں کو کار سے روندا گیا۔ لکھیم پور میں کسانوں کا قتل کیا گیا۔ بی جے پی حکومت میں کسانوں کو انصاف نہیں ملا۔ بی جے پی نے کسانوں اور نوجوانوں کو برباد کر دیا ہے۔ پچھڑوں دلتوں کو دھوکہ دیا گیا ہے۔ بی جے پی حکومت نے بی جے پی لیڈروں کو کھلی چھٹی دے دی ہے۔ چاہے وہ کتنی ہی غنڈہ گردی کریں، کوئی بھی جرم کریں، ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا۔ مہنگائی، بے روزگاری اپنے عروج پر ہے۔ ہر طبقہ فکر مند ہے۔ بی جے پی حکومت نے تعلیم سے لے کر صحت تک سب کچھ برباد کر دیا ہے۔ نیتی آیوگ کے اعداد و شمار میں یوپی ہر لحاظ سے پیچھے ہے۔ بی جے پی حکومت نے بچوں کا مستقبل تباہ کر دیا ہے۔ بی جے پی لیڈر خود ٹفن کھا رہے ہیں۔ بچوں کو کتابیں، جوتے، موزے نہیں مل رہے۔ تعلیم برباد ہو چکی ہیں۔
پارٹی کے تربیتی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی کا ٹرپل انجن آپس میں ٹکرا رہا ہے۔ انتظامیہ اور بی جے پی لیڈر عوام کو پریشان کر رہے ہیں۔ بی جے پی حکومت مجرموں کو بچا رہی ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ پولیس کے ساتھ مارپیٹ کررہے ہیں۔ جن پر کاروائی ہونی چاہئے وہ فرار ہیں۔عوام بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کو تیار ہیں۔سال 2024 میںبی جے پی کا صفایا ہوجائے گا۔