اردو

urdu

By

Published : Aug 31, 2019, 10:53 PM IST

Updated : Sep 29, 2019, 12:27 AM IST

ETV Bharat / state

سنگھ اور جمعیت کے سربراہ کی ملاقات کا مقصد

گزشتہ روز جمیعت علما ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی اور آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے درمیان ملاقات ہوئی تھی۔

سنگھ اور جمعیت کے سربراہ کی ملاقات کا مقصد

جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی گزشتہ روز آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت سے ملاقات کرنے آر ایس ایس کے ہیڈ کوارٹر پہنچے تھے۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے مقاصد اور اہداف کے تعلق سے دونوں جانب سے کوئی بھی رسمی تفصیل جاری نہیں کی گئی ہے تاہم ان دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات نہ صرف آر ایس ایس اور جمعیت علماء کے درمیان رشتوں کی بہتری کے اشارے ہیں بلکہ یہ اس معاملہ میں بھی حیران کن ہے کیونکہ دونوں تنظیموں کے نظریات میں اختلاف ہے۔

جمیعت علما ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی، ویڈیو

اس ملاقات کے بعد مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ 'اس ملاقات کے لیے دونوں جانب سے کوشش ہورہی تھیں، مولانا مدنی کے ایک معتمد نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ تقریباً 2 برس سے ملاقات کی کوشش کی جا رہی تھی جبک آر ایس ایس کا دفتر مسلسل ان سے رابطے میں تھا اور موجودہ حالات کے پیش نظر مولانا ارشد مدنی نے ملاقات کو ضروری سمجھا۔

مولانا ارشد مدنی کے معتمد کے مطابق گفتگو کے دوران مولانا نے موہن بھاگوت سے کہا کہ ہندو مسلم ایکتا کا خواب اسی وقت پورا ہوگا جب ملک میں مسلمانوں پر نفرت انگیز حملوں پر نکیل کسی جائے، دونوں جماعتوں کا ہدف ملک کی ساملیت کو برقرار رکھنا ہے اور اس کے لیے عملی کوشش نا گزیر ہے۔

آر ایس ایس ذرائع نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے ملاقات کی تصدیق کی اور کہا کہ یہ ایک خاص ملاقات تھی تاہم یہ ملاقات سنگھ کے اس پروگرام کا حصہ ہے جس میں سنگھ کے ذمہ داران مختلف مذہبی اور روحانی نمائندوں سے ملتے ہیں۔

میٹنگ کی تفصیلات سے واقف آر ایس ایس کے ایک سینیئر کارکن نے بتایا کہ مولانا ارشد مدنی نے موہن بھاگوت کے سامنے اپنی باتیں رکھیں جسے موہن بھاگوت نے غور سے سنا۔

کارکن نے مزید بتایا کہ آر ایس ایس ایک وطن دوست سماجی تنظیم ہے اور ہماری ترجیحات ایک بہتر سماج کی تشکیل ہے، اسی ہدف کے حصول کے لیے ہم سماجی ہم آہنگی پر زور دیتے ہیں اور اگر کسی سماج میں سماجی اصلاحات کی ضرورت ہو تو ہم نہ صرف اصلاحات کی وکالت کرتے ہیں بلکہ مدد بھی کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ طلاق اور دیگر مسائل پر مسلم طبقہ میں جو تشویش ہے اسے حل کرنے پر زور دیا جانا ضروری ہے، اس ملک کو عظیم ملک بنانے کے لئے آر ایس ایس تمام جماعتوں کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہے۔

سنگھ پریوار کے خاص پرچارک رام لال کو سنگھ اور جمعیت کے درمیان بات چیت کے لیے کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے واضح رہے کہ یہ وہی رام لال ہیں جو کبھی بی جے پی میں آر ایس ایس کے نمائندے کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ مسلم تنظیموں سے قربت بڑھانے کی ذمہ داری رام لال کو دی گئی ہے۔

Last Updated : Sep 29, 2019, 12:27 AM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details