اردو

urdu

ETV Bharat / state

Aligarh Muslim University جی ٹوینٹی لیکچر سیریز کے تحت اے ایم یو پرو وائس چانسلر کا خطبہ - UP News

علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے جی 20 لیکچر سیریز کے تحت ’گلوبل پاور ٹرانزیشن اینڈ ایوولونگ ریجنل آرکیٹیکچر: انڈیا اینڈ گلف ریجن‘ موضوع پر خطبہ پیش کیا جس کا اہتمام انڈیا عرب کلچرل سنٹر، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی نے کیا تھا۔

ایم یو پرو وائس چانسلر کا خطبہ
ایم یو پرو وائس چانسلر کا خطبہ

By

Published : Mar 14, 2023, 10:35 PM IST

بھارت کا عرب ملکوں کے ساتھ تجارت و معیشت اور تارکین وطن کے حوالے سے خوشگوار رشتہ ہے، جس سے دونوں کے درمیان تہذیبی رشتوں کو تقویت ملتی ہے۔ جی 20 پلیٹ فارم پر ہندوستان نہ صرف عرب ممالک بلکہ پورے جنوبی خطہ کو اپنے ساتھ لے کر ان لوگوں کی آواز بن رہا ہے جن کی تشویشات کو عالمی طاقتیں پہلے توجہ نہیں دیتی تھیں“۔ ان خیالات کا اظہار علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے ’گلوبل پاور ٹرانزیشن اینڈ ایوولونگ ریجنل آرکیٹیکچر: انڈیا اینڈ گلف ریجن‘ موضوع پر خطبہ دیتے ہوئے کیا، جس کا اہتمام انڈیا عرب کلچرل سنٹر، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی نے کیا تھا۔

پروفیسر گلریز نے عالمی منظر نامے میں موجودہ ہندوستانی قیادت کی حرکیات پر روشنی ڈالی، خاص طور پر عالمی نظام کے خلا کو ختم کرنے میں وزیر اعظم ہند کے مضبوط کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے دو قطبی نظام کا مشاہدہ کیا جس کے بعد کثیر قطبی نظام وجود میں آیا جہاں ملٹی لیٹرل اداروں کو عالمی امن میں کردار ادا کرنے کی ذمہ داری تفویض کی گئی تھی، لیکن حالیہ دنوں میں ان اداروں اور عالمی طاقتوں پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان حالات میں ہندوستان کے پاس خود کو ثابت کرنے کا ایک موقع ہے، جس کے لیے جی 20 پلیٹ فارم ایک بہت ہی موزوں جگہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جی 20 چوٹی کانفرنس میں ہندوستان کے ساتھ مصر، عمان اور متحدہ عرب امارات بطور مہمان ممالک ہیں جو کہ عرب پڑوسی مملکتوں کے تئیں ہندوستان کی فکرمندی کو ظاہر کرتا ہے۔ پروفیسر گلریز نے مزید کہا کہ ہندوستان سائبر سیکورٹی، دہشت گردی اور گرین انرجی کے میدان میں آج دنیا کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے جی 20 کے توسط سے کوششیں کر رہا ہے جس کا ہدف عالمی امن کے حصول کے امکانات کو بڑھانا ہے۔ قبل ازیں مہمان مقرر کا خیرمقدم کرتے ہوئے جی 20 لیکچر سیریز کے کنوینر اور اعزازی ڈائریکٹر پروفیسر ناصر رضا خاں نے موضوع کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ لیکچر کے بعد سوال جواب کا سیشن بھی ہوا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details