ریاست اترپردیش کے ضلع میرٹھ سے شہنشاہِ جذبات دلیپ کمار کا ایک خاص تعلق تھا، ان کے دوست کنور مہندر سنگھ بیدی اور جنرل شاہ نواز کی وجہ سے دلیپ صاحب کی میرٹھ سے خاص انسیت تھی۔
Dilip Kumar: شہنشاہِ جذبات دلیپ کمار کا میرٹھ سے خاص تعلق تھا
بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار اور شہنشاہِ جذبات دلیپ کمار اب ہمارے درمیان نہیں رہے، لیکن ایک بہترین فلم اداکار اور انسان کے علاوہ وہ قومی یکجہتی کے بھی علمبردار تھے۔ ان کی یادیں ہمارے ذہن و دل میں ہمیشہ محفوظ رہیں گی۔
اترپردیش کے سابق وزیر ڈاکٹر معراج الدین کا کہنا ہے کہ وہ قومی یکجہتی کے علمبردار تھے، ان کا کہنا ہے کہ ان کے والد پدم شری حکیم سیف الدین کی دلیپ صاحب سے ملاقاتیں رہیں اور 1977 میں دلیپ صاحب اپنے دوست جنرل شاہ نواز کی الیکشن مہم کے لیے جب میرٹھ آئے تھے تو اس ملاقات کی یادیں تصویروں میں قید ہیں۔
میرٹھ سے دلیپ صاحب کا اس لیے بھی خاص تعلق تھا چونکہ یہاں بینڈ کے ساز و سامان اور خاص طور پر بینڈ میں استعمال ہونے والے ٹرمپٹ کو تیار کرنے والی مشہور نادر علی کمپنی 70 برس قبل شہر کے مشہور نگار تھیٹر کے لیے فلم ڈسٹری بیوشن کا کام بھی دیکھتی تھی۔ 1960 میں فلم کوہِ نور کی ریلیز کے وقت دلیپ کمار میرٹھ آئے تھے اور نادر علی کمپنی میں تیار ٹرمپٹ کو اتنا پسند کیا کہ لیڈر فلم کے نغموں میں اس کا استعمال بھی کیا۔