ذات پات اور مذہب کی نشاندہی کرنے والے الفاظ پر کاروائی نوئیڈا:ریاست اترپردیش میں گزشتہ کچھ برسوں سے نوئیڈا و یو پی کے دیگر اضلاع میں گاڑیوں پر مذہبی نشاندھی اور ذات پر مبنی علامات و اشاریات جیسے،ہندو،گرجر،پنڈت،ٹھاکر،جاٹ،یادو وغیرہ لکھ کر چلنے والوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ ایسا لکھ کر چلنے والے اسے اپنی شان سمجھتے ہیں۔اب یہ فیشن اس قدر بڑھ چکا تھا کہ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی ادتیہ ناتھ تک کو اچھا نہیں لگا۔
انہوں نے ہدایت جاری کی کہ فوری اس پر کاروائی کی جائے۔ جس کے بعد نوئیڈا ٹریفک پولیس نے گاڑیوں پر ذات اور مذہب کے الفاظ لکھ کر چلنے والوں کے خلاف چالان کرنا شروع کر دیا ہے۔ شہر میں دس سے زائد مقامات پر چلائی گئی مہم میں ذات پات، مذہب اور بلیک فلم لگانے والے ایک ہزار سے زائد گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔
حکام نے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لوگوں نے گاڑیوں پر مذہب اور ذات پات کے الفاظ لکھے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈرائیوروں کو گاڑیوں پر بھگوا رنگ کے ہنومان کی تصویریں بھی لگوا رکھی ہیں۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے رہنما خطوط موصول ہوتے ہی نوئیڈا ٹریفک پولیس سڑکوں پر آگئی۔ نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا میں پری چوک، مہارشی آشرم، کسان چوک، سیکٹر-18، سیکٹر-15 گولچکر، سیکٹر-62 اور رجنیگندھا چوراہوں سمیت دس سے زیادہ مقامات پر خصوصی چیکنگ آپریشن کیے گئے۔
ٹریفک انسپکٹر رام سنگھ نے بتایا کہ گاڑیوں پر مذہب اور ذات پات کے الفاظ لکھنے کے علاوہ مذہبی تصویریں چسپاں کرنے پر بھی چالان جاری کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ کالی فلم والی گاڑیوں کے 2500 روپے اور مذہب اور ذات پات کے الفاظ والی گاڑیوں کے 1000 روپے کے چالان کاٹے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ وہیکل ایکٹ کے مطابق نمبر پلیٹ پر نمبر کے علاوہ کچھ بھی لکھنا غیر قانونی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Warning Of Legal Action لپو سا سچن کہنے والی خاتون کے خلاف قانونی کارروائی کا انتباہ
اس کا چلن نوجوانوں میں زیادہ ہے شہروں میں ہی نہیں بلکہ دیہی علاقوں میں بھی اس کا کریز بڑھا ہے جو بائیک اور گاڑیوں پر طرح طرح کا سلوگن لکھوا کر چل رہے ہیں۔لیکن جب ان سے پوچھا گیا کہ تم نے لکھوایا کیوں ہے تو لوگ بتانے سے قاصر رہے اس سے یہ لگتا ہے کہ بس ایک فیشن کی طرح سے لوگوں نے لکھوانا شروع کر دیا اور یہ چل نکلا لیکن سرکاری احکامات کے بعد اب ان کی لگام کھینچے جا رہی ہے اور لوگوں نے چالان کے بعد اور خوف کے پیش نظر ہٹوانا بھی شروع کر دیا ہے