مرادآباد:ریاست اتر پر دیش کے ضلع مرادآباد کے ریلوے اسٹیشن روڈ پر واقع اسلامیہ مسافر خانہ کو میونسپل کارپوریشن کی ٹیکس وصولی ٹیم نے سیل کر دیا ہے۔ یہ کارروائی اسلامیہ مسافرخانہ پر 37 لاکھ روپے ٹیکس وصولی کی وجہ سے کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مسافرخانہ کے باہر ٹیکس وصولی اور سیلنگ کی کارواہی سے متعلق نوٹس بھی چسپاں کر دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تین منزلہ اسلامیہ مسافر خانہ تقریباً 100 سال پرانا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بقایا رقم جمع کرانے سے متعلق وارننگ بھی دی گئی تھی۔ میونسپل کارپوریشن کی ٹیکس ٹیم کی کارروائی کے دوران وہاں لوگوں کی بھاری بھیڑ جمع ہوگئی تھی۔
میونسپل کمشنر نے بتایا کہ نگر نگم ان بڑے بقایا داروں پر کاروائی کو انجام دے رہی ہے جنہوں نے اپنا بقایہ ٹیکس جمع نہیں کیا ہے۔ اسی سلسلے میں آج مرادآباد کے مسلم مسافر خانے پر کاروائی کی گئی ہے، مسافر خانے پر تقریبا 37 لاکھ روپے ٹیکس کے بقایہ ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مسافر خانے کی طرف سے پچھلے پانچ سال سے کوئی رقم جمع نہیں کی گئی ہے اس لیے مسافر خانے کو سیل کرنے کی کاروائی کی گئی ہے۔