رام پور:ریاست اترپردیش میں سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کے رام پور پبلک اسکول (گرلز ونگ) کو خالی کرانے کی کوششیں شروع ہوگئی ہیں۔ بدھ کو اسکول کے عملے نے سامان جمع کرنا شروع کردیا ہے۔ اس سے پہلے پولس انسپکٹر نے عملے کے ساتھ پورے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔ پولیس ٹیم نے موقعے پر پہنچ کر تمام علاقوں کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ اس دوران اسکول کے باہر بڑی تعداد میں سکیورٹی اہلکار تعینات تھے۔
حکومت نے رام پور پبلک اسکول اور سماج وادی پارٹی کے دفتر کو خالی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو محکمہ تعلیم کی زمین پر چل رہے ہیں۔ اس اسکول میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک 634 لڑکیاں پڑھتی ہیں۔ بچوں کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے ڈسٹرکٹ اسکول انسپکٹر منے علی اور بی ایس اے سنجیو کمار کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔