بہرائچ: اترپردیش کے ضلع بہرائچ میں پاکسو کورٹ کے جج نے جمعرات کو جنسی زیادتی و اغوا کے معاملے میں سماعت کرتے ہوئے ملزم کو 10 سال کی سزا سنائی ہے۔ خاطی قرار دئیے گئے مجرم کو 75 ہزار روپئے کا مالی جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ اسپیشل ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ایڈوکیٹ پوکسو کورٹ سنت پرتاپ سنگھ اور اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر پوکسو کورٹ سنتوش کمار سنگھ نے بتایا کہ موتی پور تھانہ علاقہ کے گاؤں کدوا تمولن پوروا گاؤں کے رہنے والے سورج کمار چورسیا کے بیٹے راجیش کمار نے نابالغ کو اغوا کرکے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی واردات انجام دیا تھا۔ موتی پور پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا اور عدالت میں اس کے خلاف چارج شیٹ بھی داخل کر دی تھی۔
اسپیشل ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ایڈوکیٹ نے بتایا کہ جمعرات کو اس کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج/اسپیشل جج پاکسو کورٹ کے جج ورون موہت نگم نے کی۔ سماعت کے بعد ایڈیشنل سیشن جج نے ملزم کو 10 سال قید اور 75 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو مزید ایک سال قید بھگتنا ہو گی۔ وہیں پچھلے ماہ راجستھان کے بھیلواڑہ میں ایک عدالت نے اکتوبر 2021 میں نابالغ سے ہوئی جنسی زیادتی کے مجرم کو دس سال کی سزا سنائی تھی۔ ساتھ ہی عدالت نے گیارہ ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔